
سید عاطف ندیم-ادارت
اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین دفاعی معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کیلئے ہے۔ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا مقصد کسی ملک کیخلاف جارحیت نہیں۔پاکستان کو ترقی ، امن اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
اسلام آباد میں ہونیوالے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قومی اہمیت کے مختلف امور پر ارکان کو اعتماد میں لیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین دفاعی معاہدہ دراصل دو طرفہ سطح پر کئی دہائیوں سے جاری دفاعی تعاون کا تسلسل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کے تحفط کی ذمہ داری پاکستان کے عوام اور افواج کیلئے اہم فریضہ ہے۔
وزیراعظم نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دو مراحل میں مسلم لیگ ن کی واضح برتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے اپنا فیصلہ دیدیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مہذب معاشرے میں لاقانونیت کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔نئی حکومت امن ، تحمل اور بردباری سے معاملات حل کرنے کیلئے بات چیت کرنے کاموقع دے گی۔
دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قوم کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو ایک بار پھر اس ناسور سے پاک کیا جائے گا۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ چودہ اگست کوشایان شان طریقے سے مناتے ہوئے پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دہشت گردی کیخلاف جنگ میں شہید ہونیوالے نڈرسپوتوں کے درجات کی بلندی اور بہاولپور سے قومی اسمبلی کے رکن مرحوم ملک اقبال چنڑ کی مغفرت کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔



