پاکستان پریس ریلیز

پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،گورنر پنجاب

ایران ہمارا برادر ہمسایہ ملک ہے، اور پاکستان مشکل وقت میں ایران کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا

(سید عاطف ندیم-پاکستان): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ممبر قومی اسمبلی شہلا رضا اور نبیل گبول نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ملکی سلامتی، خطے کی موجودہ صورتحال، ایران-اسرائیل کشیدگی، اور پیپلز پارٹی کی سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، لیکن اگر کسی نے، بشمول اسرائیل، پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو پاک فوج منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سالمیت پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
گورنر سردار سلیم حیدر نے عراق میں پھنسے پاکستانی زائرین کی وطن واپسی کے لیے حکومتی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ سلسلہ جاری ہے اور حکومت مزید اقدامات کر رہی ہے۔
گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ ایران ہمارا برادر ہمسایہ ملک ہے، اور پاکستان مشکل وقت میں ایران کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔ گورنر نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں ایرانی صدر کے پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران پاکستان کے حق میں لگنے والے نعرے دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا کھلا ثبوت ہیں۔ گورنر نے ایرانی حکومت اور عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔
گورنر پنجاب نے پیپلز پارٹی کی سابقہ حکومت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 50 فیصد اضافہ کر کے تاریخ رقم کی۔ ساتھ ہی امید ظاہر کی کہ پیپلز پارٹی سندھ کی طرح پنجاب میں بھی اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے گی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button