بین الاقوامیاہم خبریں

آبنائے ہرمز پر امریکی حملے نہ رکے تو جوابی کارروائی جاری رہے گی، پاسداران انقلاب

مجید موسوی کے بیان کو ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے

https://vogurdunews.de/our-team/

By Voice of Germany Urdu News Team

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی فضائیہ کے کمانڈر میجر جنرل مجید موسوی نے کہا ہے کہ جب تک  امریکہ  ایران کے جنوبی ساحلی علاقوں اور آبنائے ہرمز پر حملے بند نہیں کرتا، تہران اپنی جوابی  کارروائیاں جاری رکھے گا۔

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے کہا  ہے کہ ایران کے جنوبی ساحل اور آبنائے  ہرمز پر امریکی حملے بند ہونے تک ایرانی کارروائیاں نہیں رکیں گی۔

جمعہ 17 جولائی کو سوشل میڈیا پر جاری بیان میں مجید موسوی نے کہا، ’’تہران اور جنوبی ایران ایک ہیں اور ایران کی وحدت کا ناقابلِ تقسیم حصہ ہیں۔‘‘ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں سے دشمن کے خلاف مؤثر اور ہدف بناکر کیے جانے والے حملوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

مجید موسوی کے بیان کو ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے،  جبکہ خطے میں جاری فوجی تناؤ کے باعث مزید مکمل تصادم کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔

بحیرہ عرب 2026 | امریکی بحریہ نے بحری ناکہ بندی کے دوران ایرانی کارگو جہاز کو روک دیا
ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ ایران کے جنوبی ساحل اور آبنائے ہرمز پر امریکی حملے بند ہونے تک ایرانی کارروائیاں جاری رہیں گیتصویر: Us Navy/ZUMA/IMAGO

خلیجی ممالک کویت، بحرین اور قطر نے جمعہ کو ایران کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کی اطلاع دی۔ یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب امریکہ کی طرف سے مسلسل چھٹی رات بھی ایران پر فضائی کارروائیاں جاری رہیں۔

کویت نے بتایا کہ  ایران  کے ایک حملے میں بجلی اور پانی صاف کرنے والے ایک اہم پلانٹ کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، تنصیبات کو نقصان پہنچا اور کئی پیداواری یونٹ متاثر ہوئے۔

کویتی وزارتِ بجلی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موجودہ ہنگامی صورتحال کے پیش  نظر بجلی کا استعمال احتیاط سے کریں اور توانائی کی بچت کو یقینی بنائیں۔

دوسری جانب  کویتی فوج کے مطابق ایرانی ڈرون حملے میں فوجی تنصیبات اور کیمپوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔ فوج نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ چیف آف اسٹاف نے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور حملے کو ’’ایرانی جارحیت‘‘ قرار دیا۔

 2026 | نامعلوم مقام سے ایرانی ڈرون لانچ کی ہینڈ آؤٹ ویڈیو سے لی گئی تصویر
کویت نے بتایا کہ ایران کے ایک حملے میں بجلی اور پانی صاف کرنے والے ایک اہم پلانٹ کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھیتصویر: IRIB/Handout/REUTERS

ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق تہران نے کہا ہے کہ امریکی حملوں کے جواب میں کویت  میں ان مقامات کو نشانہ بنایا گیا جہاں امریکی افواج اور ان کے لاجسٹک سپورٹ مراکز موجود ہیں۔

ادھر بحرین کی فوج نے اعلان کیا کہ اس نے ایرانی فضائی حملوں کی کئی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے میزائلوں اور ڈرونز کو تباہ کر دیا۔ بحرینی دارالحکومت منامہ میں موجود خبر رساں ادارے اے ایف پی کے نمائندے نے سائرن بجنے کے بعد رات بھر متعدد دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی۔

اسی دوران قطر نے بھی کہا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی میزائلوں کو روکنے  کے لیے کارروائی کی، جبکہ خطے میں کشیدگی اور سکیورٹی خدشات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button