
سید علی شاہ گیلانیؒ کی جدوجہد نئی نسل کے لیے عزم و استقامت کا پیغام ہے، مقررین
سید علی شاہ گیلانیؒ کی پانچویں برسی پر مقررین کا خراجِ عقیدت، کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر زور
انعام کشمیری-پاکستان
کشمیر سنٹر لاہور کے زیرِ اہتمام بابائے حریت، چیئرمین کل جماعتی حریت کانفرنس، عظیم کشمیری رہنما سید علی شاہ گیلانیؒ کی 5ویں برسی کے موقع پر خصوصی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سید علی شاہ گیلانیؒ کی کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے طویل اور ثابت قدم جدوجہد، قربانیوں اور لازوال خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔تقریب سے سابق رکن قانون سازاسمبلی مولانا شفیع جوش،رہنما کل جماعتی حریت کانفرنس انجینئرمشتاق محمود، معروف صحافی فاروق بھٹی، سینئرنائب صدر مسلم لیگ ن لائرز ونگ سیدمنظورگیلانی ایڈووکیٹ، انچارج کشمیرسنٹرلاہورانعام الحسن کاشمیری، جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن لاہور ڈویژن مررزا فاروق جرال،رہنما حریت کانفرنس سیدسجادشاہ، معروف ادیب نذربھنڈرنے خطاب کیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانیؒ نے اپنی پوری زندگی کشمیری عوام کے بنیادی حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے وقف کیے رکھی۔ انہوں نے نامساعد حالات، طویل قید و بند اور پابندیوں کے باوجود اپنے اصولی مؤقف سے کبھی انحراف نہیں کیا۔ ان کی جدوجہد عزم، استقامت اور ثابت قدمی کی ایک روشن مثال ہے۔مقررین نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانیؒ کا یہ پختہ یقین تھا کہ کشمیری عوام کو اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ملنا چاہیے۔ انہوں نے اپنی سیاسی اور تحریکی زندگی میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو اجاگر کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا اور اس مقصد کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانیؒ کی وفات کشمیری تحریک کے لیے ایک بڑا نقصان تھی، تاہم ان کے افکار، جدوجہد اور قربانیوں کی یاد آج بھی کشمیری عوام کے دلوں میں زندہ ہے۔ ان کی زندگی نئی نسل کے لیے حوصلے، استقامت اور اپنے اصولوں پر ثابت قدم رہنے کا پیغام ہے۔مقررین نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ جموں و کشمیر کو عالمی سطح پر مزید مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی جائے۔تقریب کے اختتام پر سید علی شاہ گیلانیؒ کے درجات کی بلندی، مغفرت اور کشمیری عوام کی جدوجہد میں کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔



