
جرمن وزیرِ خزانہ لارس کلنگ بائل نے کہا کہ 2028 تک دو بچوں والے متوسط آمدنی والے ایک خاندان کو سالانہ 600 یورو سے زائد اضافی رقم مل سکے گیتصویر: Liesa Johannssen/REUTERS
جرمن حکومت نے کم اور متوسط آمدنی والے خاندانوں، خصوصاً بچوں والے گھرانوں کو مالی ریلیف فراہم کرنے کے لیے تقریباً 10 ارب یورو مالیت کے ایک پیکج کی منظوری دے دی ہے۔
جرمن وزارتِ خزانہ کے مطابق یہ اقدامات مرحلہ وار نافذ کیے جائیں گے اور 2028 تک ان پر مکمل عمل درآمد ہو جائے گا۔ حکومت اس پیکج کے اخراجات کا کچھ حصہ زیادہ آمدنی والے افراد پر ٹیکس بڑھا کر پورا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔اس منصوبے پر کاروباری حلقوں نے تنقید کی ہے۔
وزیرِ خزانہ لارس کلنگ بائل نے کہا کہ 2028 تک دو بچوں والے متوسط آمدنی والے ایک خاندان کو سالانہ 600 یورو سے زائد اضافی رقم مل سکے گی۔
انہوں نے کہا، ’’ہم بچوں والے خاندانوں کو مالی ریلیف دے رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ہر ماہ کے اختتام پر ان کے پاس کچھ زیادہ رقم بچ سکے۔‘‘
نئے منصوبے کے تحت بچوں کے الاؤنس (Child Benefit) میں اضافہ کیا جائے گا۔ یہ رقم موجودہ 259 یورو فی بچہ ماہانہ سے بڑھ کر 2027 میں 267 یورو اور 2028 میں 272 یورو ہو جائے گی۔
اسی طرح ٹیکس فری آمدنی (Basic Tax-Free Allowance) کی حد بھی بڑھائی جائے گی، جو 2027 میں 12,564 یورو اور 2028 میں 12,900 یورو تک پہنچ جائے گی۔
جرمن حکومت کا کہنا ہے کہ اس پیکچ کا مقصد خاندانوں کی مالی مشکلات کم کرنا اور مہنگائی کے باعث بڑھنے والے اخراجات پورے کرنے میں ان کی مدد کرنا ہے۔



