
پاکستانی باڈی بلڈر رمیز ابراہیم نے امریکا میں تاریخ رقم کر دی: مسٹر امریکا انٹرنیشنل میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے پاکستانی بن گئے، فتح پاک فوج کے نام
رمیز ابراہیم نے اپنی کامیابی کا کریڈٹ مداحوں کی دعاؤں اور کڑی محنت کو دیا، جبکہ انہوں نے اپنی اس تاریخی فتح کو پاک فوج کے نام وقف کرنے کا اعلان کیا۔
رانا ذاہد اشفاق-پاکستان
پاکستان کے نامور تن ساز (باڈی بلڈر) رمیز ابراہیم نے امریکا کے تاریخی اسپورٹس اسٹیج پر ملکی پرچم بلند کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی ہے۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے رمیز ابراہیم "مسٹر امریکا انٹرنیشنل باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ” میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے پاکستانی تن ساز بن گئے ہیں۔
25 سے زائد ممالک کے باڈی بلڈرز کے درمیان ہونے والے اس انتہائی سخت مقابلے میں رمیز ابراہیم نے اپنی بہترین فٹنس اور پریزنٹیشن کے ذریعے ججز کو متاثر کرتے ہوئے مینز فزیک کیٹگری میں سونے کا تمغہ (گولڈ میڈل) اپنے نام کیا، جبکہ ایونٹ کے پرو زمرے (Pro Event) میں چاندی کا تمغہ (سلور میڈل) حاصل کر کے ڈبل کامیابی سمیٹی۔
واضح رہے کہ امریکی حکومت کے زیرِ اہتمام 1939ء سے ہر سال باقاعدگی سے منعقد ہونے والی اس تاریخی چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے بھی رمیز ابراہیم پہلے پاکستانی باڈی بلڈر ہیں۔
امریکا کی سرزمین پر اس تاریخی فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے رمیز ابراہیم نے اپنی کامیابی کا کریڈٹ مداحوں کی دعاؤں اور کڑی محنت کو دیا، جبکہ انہوں نے اپنی اس تاریخی فتح کو پاک فوج کے نام وقف کرنے کا اعلان کیا۔



