چیف سیکرٹری کی فضائی آلودگی(سموگ) کو کنٹرول کرنے کیلئے فریم ورک کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت
چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل نے محکمہ تحفظ ماحولیات کو ہدایت کی ہے کہ فضائی آلودگی(سموگ) کو کنٹرول کرنے کیلئے فریم ورک کو جلد حتمی شکل دی جائے ۔
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل نے محکمہ تحفظ ماحولیات کو ہدایت کی ہے کہ فضائی آلودگی(سموگ) کو کنٹرول کرنے کیلئے فریم ورک کو جلد حتمی شکل دی جائے ۔
انہوں نے یہ ہدایت سموگ پر قابو پانے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی ۔ اجلاس میں بلدیات، صحت، صنعت کے محکموں کے سیکرٹریز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ تمام ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ ماہرین اورسٹیک ہولڈرزکی مشاورت سے ماحولیاتی پالیسی میں ترامیم اورفضائی آلودگی (سموگ) کو کنٹرول کرنے کیلئے فریم ورک کو حتمی شکل دی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ سموگ پر قابو پانے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کے حوصلہ افزاء نتاءج ملے ہیں اور صورتحال گزشتہ برس سے بہتر ہے تاہم مزید کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنجاب گرین ڈویلپمنٹ پروگرام صوبہ میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں مفید ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات کی روک تھام کیلئے فارم میکانائزیشن پر کام ہو رہاہے ۔
سیکرٹری محکمہ تحفظ ماحولیات عثمان علی خان نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی ۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔ بروقت کارروائی سے فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات میں واضح کمی آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ میں صوبہ میں ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے 1521انڈسٹریل یونٹس کو سیل کیا گیا ہے،1172ایف آئی آرز کا اندراج اور پانچ کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے کئے گئے ہیں ۔ لاہور میں 348اندسٹریل یونٹس سیل اوردو کروڑ 26لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 85ہزار انسپکشنز اور 5755دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بند کیا گیا ہے جبکہ کوڑا کرکٹ جلانے پر 29مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔