
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین زیر صدارت وزارتی کمیٹی کا اجلاس
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر رمضان پیکج کی ترسیل لوگوں کی دہلیز پر جاری ہے۔
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت رمضان ریلف پیکج کی مانیٹرنگ کے حوالے سے بنائی گئی وزارتی کمیٹی کا سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا۔
اجلاس میں صوبائی وزراء مجتبی شجاع الرحمن، بلال یاسین، عظمیٰ بخاری،عاشق حسین کرمانی اور متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز نے شرکت کی۔
جبکہ ڈویژنل کمشنرز وڈیو لنک کے ذریعے وزارتی کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں رمضان پیکج پر عملدرآمد، اشیاء ضروریہ کی دستیابی ،قیمتوں اور مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں آلو، پیاز اور ٹماٹر کی فروخت کے لئے ٹرکنگ پوائنٹس بنانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹرکنگ پوائنٹس بنانے کا پائلٹ پراجیکٹ لاہور سے شروع کیا جائے گا۔
عوام کی سہولت کے لئے رمضان اور ماڈل بازاروں میں خریداری کاؤنٹرز بڑھا نے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر رمضان پیکج کی ترسیل لوگوں کی دہلیز پر جاری ہے۔
اب تک 22 لاکھ سے زائد گھرانوں کو ان کی دہلیز پر راشن پہنچایا جاچکا ہے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے آلو پیاز اور ٹماٹر کی سپلائی بڑھانے کی ہدایت جاری کی۔ اور سپلائی میں حائل ٹرانسپورٹیشن کی رکاوٹیں دور کرنے حکم دیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے.