
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے سپیریئر یونیورسٹی فیصل آباد میں اسپورٹس اینڈ کلچر فیسٹیول 2026 کا افتتاح کر دیا، نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا پیغام
سرکاری و نجی ادارے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے بھرپور وسائل فراہم کریں۔ یونیورسٹیاں ریسرچ سنٹرز ہیں جہاں نئی اسکلز متعارف کرا کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں
سید عاطف ندیم-پاکستان،پنجاب گورنمنٹ کے ساتھ
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے سپیریئر یونیورسٹی فیصل آباد کیمپس میں اسپورٹس اینڈ کلچر فیسٹیول 2026 کا افتتاح کیا۔ تقریب میں رنگا رنگ ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے سپیکر ملک محمد احمد خاں کا شاندار استقبال کیا گیا جبکہ چاروں صوبوں کی ثقافت کو ایک چھت تلے خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر مسز رانا ثناء اللہ، اراکین اسمبلی رانا احمد شہریار، عظمیٰ جبیں راجا اور راجا منان بھی موجود تھے۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے طلبہ کے تیار کردہ مختلف سٹالز اور پراڈکٹس کا معائنہ کیا اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے فیسٹیول نئی نسل کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے فیسٹیول کے شاندار انتظامات پر منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سال 2026 کو یوتھ ایئر قرار دیا ہے اور نوجوانوں پر سرمایہ کاری خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سرکاری و نجی ادارے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے بھرپور وسائل فراہم کریں۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں کہا کہ یونیورسٹیاں ریسرچ سنٹرز ہیں جہاں نئی اسکلز متعارف کرا کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اسپورٹس اور کلچر سرگرمیاں نئی نسل کی کردار سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور تعلیمی اداروں کو تعلیم کے ساتھ کھیلوں پر بھی بھرپور توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب میں اس وقت کھیلوں کی سرگرمیاں عروج پر ہیں جو مثبت پیش رفت ہے۔
پاکستان۔انڈیا کرکٹ میچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ قومی ٹیم کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں اور کھیل کو سیاست سے دور رکھا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ کھیل کو کھیل سمجھا ہے اور جنگ اور کرکٹ کو الگ رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے چیئرمین پی سی بی اور وزیر اعظم شہباز شریف کے فیصلوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ قومی امور پر بات کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے اور فوج دہشتگردی کے خلاف برسرِ پیکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نو مئی کے واقعات پر واضح لکیر کھنچ چکی ہے اور وہ اس معاملے پر مذاکرات کے حامی نہیں ہیں۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمن کو سینئر سیاستدان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے تحفظات دور ہونے چاہئیں جبکہ بلدیاتی انتخابات بروقت ہونے چاہئیں۔




