لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا،وزیراعظم ،فیلڈ مارشل کی نماز جنازہ میں شرکت
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین گزشتہ روز بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کی قیادت کے دوران زخمی ہوئے تھے، جو بعد ازاں جامِ شہادت نوش کر گئے
نیوز ڈیسک
راولپنڈی :لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن، راولپنڈی میں ادا کردی گئی ۔بہادر افسر نے بلوچستان میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کیا۔وزیراعظم شہباز شریف ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ،وزیرداخلہ محسن نقوی ودیگر نے نماز جنازہ میں شرکت کی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین گزشتہ روز بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کی قیادت کے دوران زخمی ہوئے تھے، جو بعد ازاں جامِ شہادت نوش کر گئے۔
نمازِ جنازہ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،وفاقی وزیر داخلہ، وفاقی وزیر اطلاعات، اعلیٰ سول و عسکری حکام، حاضر سروس و ریٹائرڈ افسران، شہید کے اہل خانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے شہید لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین کی جرات، فرض شناسی اور وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں اور یہ پاکستان کے امن، استحکام اور خودمختاری کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقے سرگودھا میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔ مسلح افواج اور عوامِ پاکستان نے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔



