
ریپبلک آف کانگو
جمہوریہ کانگو (ڈی آر کانگو) کے قومی فٹبال ٹیم کے کوچ سیباستین دیسابر کو انگلینڈ کے خلاف فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 میں 2-1 کی شکست کے بعد ہونے والی پریس کانفرنس کے دوران اپنے والد کے انتقال کی افسوسناک خبر ملی۔
ہسپانوی اخبار "مارکا” کے مطابق کانگو ٹیم کے ترجمان نے پریس کانفرنس کے دوران اعلان کرتے ہوئے کہا:ہم یہ اطلاع دینا چاہتے ہیں کہ ہمارے کوچ کے والد انتقال کر گئے ہیں، ہم ان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
یہ خبر سنتے ہی 49 سالہ فرانسیسی کوچ سیباستین دیسابر شدید رنجیدہ ہو گئے اور اٹلانٹا کے مرسڈیز بینز اسٹیڈیم میں منعقدہ پریس کانفرنس مختصر کرتے ہوئے میڈیا نمائندوں سے صرف اتنا کہا:آپ سب کی آمد کا بہت شکریہ، اور ہال سے رخصت ہو گئے۔
اس سے قبل دیسابر نے شکست کے باوجود اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب آپ اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہیں تو آپ کو اپنا بہترین دینا ہوتا ہے اور آج سب نے دیکھا کہ کانگو کی فٹبال نے اچھا معیار پیش کیا ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر کھلاڑی مایوس ہیں، تاہم ان کے بقول ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی۔
انہوں نے کہا:ہم یقیناً مایوس ہیں کیونکہ ہم ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں، لیکن ہم نے پانچ گول کیے، پانچ ہی گول کھائے،اور کولمبیا، پرتگال، ازبکستان اور انگلینڈ جیسی عالمی درجہ بندی میں ہم سے کہیں بہتر ٹیموں کے خلاف ایک اچھا ورلڈ کپ کھیلا۔



