
مولانا مفتی محمد تقی عثمانی وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے بلامقابلہ دوسری مرتبہ صدر، مولانا محمد حنیف جالندھری مسلسل ساتویں مرتبہ بلامقابلہ ناظمِ اعلیٰ منتخب
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قیام سے اب تک متعدد ممتاز علماء کرام، محدثین اور اکابرین نے صدر کے منصب پر خدمات انجام دیں
سید ارمغان ظفر-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
کراچی:وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلس عاملہ، مجلس شوریٰ اور مجلس عمومی کے مشترکہ انتخابی اجلاس میں مولانا مفتی محمد تقی عثمانی کو بلامقابلہ دوسری مرتبہ صدر جبکہ مولانا محمد حنیف جالندھری کو مسلسل ساتویں مرتبہ بلامقابلہ ناظمِ اعلیٰ منتخب کر لیا گیا۔صدر اور ناظم اعلی آئندہ پانچ سالہ مدت کے لیے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی قیادت و نظامت کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔جامعہ دارالعلوم کراچی میں منعقدہ اہم انتخابی اجلاس میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر سے وفاق المدارس کے عہدیداران، مجلس عاملہ، مجلس شوریٰ اور مجلس عمومی کے ایک ہزار سے زائد ارکان، ممتاز شیوخ الحدیث، جید علماء کرام، دینی و سماجی شخصیات اور مدارس دینیہ کے مہتممین و ذمہ داران نے شرکت کی۔

انتخابی اجلاس میں مولانا فضل الرحمٰن نے صدر کے لیے مولانا مفتی محمد تقی عثمانی اور ناظمِ اعلیٰ کے لیے مولانا محمد حنیف جالندھری کے نام پیش کیے۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی تقریباً ستر سالہ تاریخی روایت کے مطابق مجلس عمومی کے ایک ہزار سے زائد ارکان نے مکمل اتفاقِ رائے سے دونوں شخصیات کو آئندہ پانچ سال کے لیے بلامقابلہ صدر اور ناظمِ اعلیٰ منتخب کیا۔ مولانا مفتی محمد تقی عثمانی کا دوسری مرتبہ صدر جبکہ مولانا محمد حنیف جالندھری کا مسلسل ساتویں مرتبہ ناظمِ اعلیٰ منتخب ہونا ان کی گرانقدر دینی، علمی، تدریسی، تنظیمی اور انتظامی خدمات، حکمت و بصیرت پر مبنی قیادت اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے استحکام و ترقی کے لیے مسلسل کردار کا واضح اعتراف ہے۔ اجلاس کے شرکاء نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں قائدین کی قیادت میں وفاق المدارس اپنی دینی، تعلیمی اور تنظیمی خدمات کے سفر کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے گا۔یکم جولائی کو مجلس عاملہ کا اجلاس منعقد ہوا، جبکہ 2 جولائی کو وفاق المدارس کے عہدیداران، مجلس عاملہ، مجلس شوریٰ اور مجلس عمومی کا مشترکہ انتخابی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے شرکاء کے لیے قیام و طعام اور سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے۔واضح رہے کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلس شوریٰ 358 جبکہ مجلس عمومی 1623ارکان پر مشتمل ہے، جو ملک بھر کے ہزاروں دینی مدارس کا نمائندہ فورم ہے۔وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قیام سے اب تک متعدد ممتاز علماء کرام، محدثین اور اکابرین نے صدر کے منصب پر خدمات انجام دیں۔

مولانا مفتی محمد تقی عثمانی سے قبل بالترتیب علامہ شمس الحق افغانیؒ، شیخ الحدیث مولانا خیر محمد جالندھریؒ،محدث کبیر مولانا سید محمد یوسف بنوریؒ، مفکرِ اسلام مولانا مفتی محمودؒ،مولانا محمد ادریس میرٹھیؒ، استاذ المحدثین مولانا سلیم اللہ خانؒ اور مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندرؒ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی صدارت کے منصب پر فائز رہے جبکہ مولانا محمد حنیف جالندھری سے قبل مفکرِ اسلام مولانا مفتی محمودؒ،مولانا محمد ادریس میرٹھیؒ، رئیس المحدثین مولانا سلیم اللہ خانؒ، امام اہلِ سنت مولانا مفتی احمد الرحمنؒ، محقق و مصنف مولانا ڈاکٹر حبیب اللہ مختار شہیدؒ اور مختلف ادوار میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظمِ اعلیٰ کے منصب پر خدمات انجام دیتے رہے۔مولانا مفتی محمد تقی عثمانی کا دوسری مرتبہ صدر وفاق اور مولانا محمد حنیف جالندھری کا مسلسل ساتویں مرتبہ بلامقابلہ ناظمِ اعلیٰ منتخب ہونا ان کی غیر معمولی تنظیمی صلاحیتوں، دینی خدمات اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کو عالمی سطح پر ایک مضبوط اور فعال دینی تعلیمی بورڈ بنانے میں نمایاں کردار پر اکابر علماء اور ذمہ داران کے بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ اس تاریخی اجلاس میں سرپرست وفاق المدارس مولانا فضل الرحمن سربراہ جمعیت علماءاسلام،صدر وفاق مولانا مفتی محمد تقی عثمانی،ناظم اعلٰی مولانا محمد حنیف جالندھری،سینئر نائب صدر وفاق شیخ الحدیث مولانا انوار الحق،نائب صدر وفاق المدارس مولانا عبیداللہ خالد،قائد کشمیر نائب صدر وفاق مولانا سعید یوسف خان،جامعہ العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے مہتمم اور نائب صدر وفاق مولانا سید سلیمان بنوری، خازن وفاق مولانا مفتی محمد طیب جامعہ امدادیہ،مولانا قاری احمد میاں تھانوی،مہتمم جامعہ بیت السلام مولانا مفتی عبدالستار،بلوچستان سے سابق سینیٹر مولانا فیض محمد،سابق ایم این اے مولانا صلاح الدین ناظم بلوچستان،مولانا امداد اللہ ناظم وفاق المدارس سندھ، ناظم پنجاب مولانا مفتی عبدالرحمن،مولانا زبیر احمد صدیقی،مولانا حسین احمد ناظم وفاق المدارس خیبر پختونخوا،مولانا قاضی نثار ناظم وفاق المدارس گلگت بلتستان و رکن مجلس عاملہ، رہنماء جمعیت علماء اسلام مولانا راشد محمود سومرو،صدر اہلسنت والجماعت مولانا اورنگ زیب فاروقی،مولانا ناصر محمود سومرو، سابق ایم این اے مولانا محمد انور،مولانا قاری عبدالرشید،مولانا خالد محمود صاحب آف ہالا سندھ،مولانا راحت علی ہاشمی،مولانا ظہور احمد علوی اسلام آباد،مولانا قاری عثمان،مولانا سید عبدالبصیر شاہ پشاور،مولانا منظور مینگل،مولانا سلیمان الحق،مولانا مفتی کفایت اللہ مانسہرہ،مولانا حسن جان چارسدہ،مولانا مفتی طاہر مسعود،مولانا حامد حسن، مولانا ارشد عبید مہتمم جامعہ اشرفیہ لاہور،مولانا طلحہ رحمانی،مولانا عبدالقدوس محمدی،مولانا قاری طاہر،مولانا مفتی ناصر محمود،مولانا حسین احمد خاران،مولانا قاری عزیز الرحمن رحیمی اور دیگر نے شرکت کی_



