پاکستان

وزارتوں کی کارکردگی اور ڈیٹا کی ڈیجیٹائزیشن حکومتی نظام کو عصرِ حاضر سے ہم آہنگ کرے گی، شہباز شریف

بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی تمام متعلقہ وزارتوں کے بھرپور تعاون سے شعبہ جاتی ڈیجیٹائزیشن پر اقدامات کر رہی ہے

Al-Syed Tech Company Bio Medical Equipment Service

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی وزارتوں میں ڈیجیٹل نیشن پاکستان پروگرام کے نفاذ پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا۔ مختلف وفاقی وزارتوں نے اپنی عوامی خدمات، کارکردگی اور متعلقہ اعداد و شمار کی مرکزی ڈیٹا سینٹر میں فراہمی کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے تمام وفاقی وزارتوں کو متعلقہ اعداد و شمار قومی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر فراہم کرنے کے لیے بروقت ضروری اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارتوں کی ذمہ داریوں، کارکردگی اور متعلقہ ڈیٹا کی مرکزی ڈیٹا سینٹر میں فراہمی حکومتی نظام کو عصرِ حاضر سے ہم آہنگ کرے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان کے تحت قومی سطح کا مرکزی ڈیٹا سینٹر حکومتی خدمات اور شہری سہولیات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ ڈیجیٹل نیشن پاکستان کا مقصد قومی سطح پر شہریوں کے لیے مؤثر اور باسہولت خدمات کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر تمام شعبوں اور حکومتی اداروں کے کارآمد ڈیٹا کی ایک جگہ فراہمی ملکی معاشی ترقی میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ مستحق طبقے کے لیے فیول سبسڈی اسکیم پر کامیاب عمل درآمد میں اداروں کے مابین اعداد و شمار کی شراکت نے کلیدی کردار ادا کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ وزارتوں کی کارکردگی اور متعلقہ اعداد و شمار کی ڈیجیٹائزیشن کرپشن اور ادارہ جاتی بدنظمی کے سدباب میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے قومی سطح پر صوبائی حکومتوں کے تعاون سے یونیورسل میڈیکل ریکارڈ مرتب کرنے کے لیے وزارتِ صحت کے اقدامات کو سراہا۔ وزیراعظم نے ملک بھر میں معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کیو آر کوڈ کے نفاذ کو بھی سراہا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی تمام متعلقہ وزارتوں کے بھرپور تعاون سے شعبہ جاتی ڈیجیٹائزیشن پر اقدامات کر رہی ہے۔ عوام کی سہولت کے پیش نظر صحت، زراعت اور دیگر بنیادی سہولتوں کے شعبوں میں ڈیجیٹائزیشن کا عمل ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزارتِ قانون کے تعاون سے متعلقہ قومی قوانین کی ایک جگہ فراہمی کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے تاکہ مستقبل میں قانون سازی کے لیے بہتر رہنمائی مل سکے۔وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ترجیحی شعبوں کی ڈیجیٹائزیشن پر کام جاری ہے اور ڈیجیٹل حکومتی خدمات، ڈیجیٹل معیشت اور ڈیجیٹل عوامی سہولت کے مقاصد کی تکمیل کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے تمام وفاقی وزارتوں کو صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے متعلقہ ڈیٹا کو ڈیجیٹائز کرنے کا عمل مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ سرکاری اداروں کے عہدیداران نے شرکت کی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button