پاکستان کے محکمہ موسمیات نے آج سے ہیٹ ویو کا زور ٹوٹنے کی نوید دیتے ہوئے جون کے پہلے ہفتے میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
جمعے کو محکمہ موسیمات کے فورکاسٹ آفیسر فرمان عباسی نےبتایا کہ اگرچہ گرمی کی لہر میں کمی آ رہی ہے تاہم وسطی پنجاب اور سندھ کے کچھ شہروں میں سخت گرمی کی لہر برقرار ہے اور وہاں فوری طور پر بارش کا امکان نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آج اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے وسطی علاقوں میں رات کے وقت آںدھی اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس سے کچھ علاقوں میں بوندا باندی بھی ہو سکتی ہے تاہم جون کے پہلے ہفتے کے دوران ہی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق آج ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
اسی طرح کل یکم جون کو بھی بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم بالائی علاقوں میں گرد الود ہوائیں چلنے کے امکانات ہیں۔
اتوار کو بھی ملکی سطح پر موسم کی صورت حال ایسی ہی رہے گی جبکہ پیر کو گرمی کی شدت میں کمی محسوس کی جائے گی۔
بدھ اور جمعرات کو اسلام آباد اور وسطی پنجاب کے کچھ علاقوں میں بارش ہونے کے امکانات بننا شروع ہوں گے جن کا دائرہ دوسرے علاقوں تک بھی بڑھ سکتا ہے۔