مشرق وسطیٰتازہ ترین

صدر عون مستقبل قریب میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے بات نہیں کریں گے، لبنانی حکام

قبل ازیں امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے کہا گیا تھا کہ لبنان اور اسرائیل کے ’رہنماؤں‘ کے مابین متوقع بات چیت آج جمعرات 16 اپریل کو ہو نے والی تھی۔

اقوام متحدہ کی یونیفل امن فورس کے ارکان جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد ایک متاثرہ جگہ سے کارکنوں کو ملبہ ہٹاتے دیکھتے ہوئے

اقوام متحدہ کی یونیفل امن فورس کے ارکان جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد ایک متاثرہ جگہ سے کارکنوں کو ملبہ ہٹاتے دیکھتے ہوئےتصویر: Rabih Daher/AFP

مشرق وسطیٰ کی ریاست لبنان میں تین سرکاری اہلکاروں نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ ملکی صدر جوزف عون مستقبل قریب میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کےساتھ کسی ٹیلی فون کال پر بات نہیں کریں گے۔

قبل ازیں امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے کہا گیا تھا کہ لبنان اور اسرائیل کے ’رہنماؤں‘ کے مابین متوقع بات چیت آج جمعرات 16 اپریل کو ہو نے والی تھی۔

اسی طرح کی توقعات کا اظہار ایک اسرائیلی وزیر نے بھی کیا تھا، جس کے بعد لبنانی صدر عون کا یہ بیان سامنے آیا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ کسی بھی اعلیٰ سطحی بات چیت کے لیے، جو اگر ہوتی تو گزشتہ تین عشروں سے بھی زائد عرصے سے دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین اپنی نوعیت کی اولین براہ راست مکالمت ہوتی، یہ ناگزیر ہے کہ پہلے اسرائیل لبنان پر اپنے ہر طرح کے زمینی اور فضائی حملے بند کرے۔

اسرائیلی حملوں کے بعد جنوبی لبنان میں ہدف بنائی گئی عمارات کے تباہ شدہ ڈھانچوں کے پاس مصروف عمل ہنگامی امدادی کارکن
اسرائیلی حملوں کے بعد جنوبی لبنان میں ہدف بنائی گئی عمارات کے تباہ شدہ ڈھانچوں کے پاس مصروف عمل ہنگامی امدادی کارکنتصویر: Mahmoud Zayyat/AFP/Getty Images

صدر عون کی امریکی وزیر خارجہ سے فون پر گفتگو

اس تناظر میں نیوز ایجنسی روئٹرز نے لکھا ہے کہ لبنان کے تین سرکردہ اہلکاروں نے اس خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے جمعرات کے روز کہا کہ صدر جوزف عون مستقبل قریب میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے ٹیلیفون پر کوئی بات نہیں کریں گے۔

ان تین لبنانی حکام میں سے دو نے یہ بھی بتایا کہ امریکہ میں لبنان کے سفارت خانے کی طرف سے واشنگٹن میں ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کو بتا دیا گیا ہے کہ صدر جوزف عون بینجمن نیتن یاہو کے ساتھ بات نہیں کریں گے۔

ان لبنانی حکام کے بقول ٹرمپ انتظامیہ کو یہ پیغام دیے جانے کے بعد ہی صدر عون اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے مابین آج جمعرات ہی کے روز ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو جن سے لبنانی صدر جوزف عون نے جمعرات کو فون پر بات کی۔ پس منظر میں اسرائیل، امریکہ اور لبنان کے قومی پرچم، واشنگٹن میں چودہ اپریل کو لی گئی تصویر
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو جن سے لبنانی صدر جوزف عون نے جمعرات کو فون پر بات کی۔ پس منظر میں اسرائیل، امریکہ اور لبنان کے قومی پرچم، واشنگٹن میں چودہ اپریل کو لی گئی تصویرتصویر: Jacquelyn Martin/AP Photo/dpa/picture alliance

اس گفتگو کی لبنانی حکام نے کوئی تفصیلات نہیں بتائیں لیکن غالب امکان ہے کہ لبنانی صدر اور امریکی وزیر خارجہ کے مابین اس بات چیت میں لبنان پر اسرائیلی حملوں کے بارے میں ہی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button