صحت

چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت 960 سے زائد معصوم بچوں کی کامیاب سرجریز ہو چکی ہیں، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق

اس حوالہ سے مزید ہسپتالوں کو جلد ام پینل بھی کیا جا رہا ہے۔اس پروگرام کے تحت معصوم بچوں کی سرجریز کی ویٹنگ لسٹ میں واضح کمی ہوئی ہے

لاہور :‌صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی میں چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے حوالہ سے اہم اجلاس منعقدہوا-اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی، سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ سید واجد علی شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر وحید اصغر، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر محمد وسیم، ڈاکٹر فرقد عالمگیر، سی ای او پی ایچ آئی ایم سی ڈاکٹر علی رزاق اور لاہور کے ام پینلڈ نجی ہسپتالوں کے فوکل پرسنز نے شرکت کی۔ وڈیو لنک کے ذریعے انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ملتان، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ و دیگر افسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا۔متعلقہ افسران، سرکاری و نجی ہسپتالوں کے فوکل پرسنز و پی آئی ٹی بی نے اس حوالہ سے بریفننگ دی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ پی آئی ٹی بی کو چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے حوالہ سے نجی ہسپتالوں کے تیکنیکی عملہ کو ڈیش بورڈ بارے فوری طور پر تربیت دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے متعلقہ محکمہ جات کی کوآرڈی نیشن کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ الحمدللہ لانچنگ سے اب تک چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت 960 سے زائد معصوم بچوں کی کامیاب سرجریز ہو چکی ہیں۔صوبائی وزیر نے کہاکہ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ منتخب شُدہ نجی ہسپتالوں کو معصوم بچوں کی ہارٹ سرجریز کی تعداد میں اضافہ کیلئے کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھایا جا رہا ہے۔اس حوالہ سے مزید ہسپتالوں کو جلد ام پینل بھی کیا جا رہا ہے۔اس پروگرام کے تحت معصوم بچوں کی سرجریز کی ویٹنگ لسٹ میں واضح کمی ہوئی ہے۔ اس پروگرام سے قبل معصوم بچوں کے والدین کو سرجریز کیلئے ویٹنگ لسٹ کے مطابق مہینوں انتظار کرنا پڑ رہا تھا۔ اس پروگرام کے تحت پنجاب کے سرکاری چلڈرن ہسپتالوں کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ آن لائن لائیو ڈیش بورڈ کے ذریعے اس پروگرام کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے اور حکومت پنجاب نے بچوں کے ہارٹ سرجری پروگرام کا پورا نظام انتہائی شفاف بنایا ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button