
پاکستان اور بھارت کے بیچ جنگ بندی 18 مئی کے بعد بھی جاری رہے گی: انڈین آرمی
بھارتی فوج نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان آج کوئی بات چیت طے نہیں ہے۔
نئی دہلی: بھارت اور پاکستان کے درمیان تازہ جنگ بندی اتوار کو ختم ہونے کی خبروں کے بیچ بھارتی فوج نے واضح کیا ہے کہ جنگ بندی کا معاہدہ آج کے بعد بھی جاری رہے گا۔ فوج نے ایک بیان میں کہا کہ جنگ بندی کی کوئی ”ڈیڈلائن‘‘ نہیں ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حالیہ مسلح تصادم کے بعد دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان جنگ بندی جاری رہے گی۔
فوج نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (DGMOs) کے درمیان اتوار کو کوئی بات چیت طے نہیں ہے۔ فوج کی جانب سے واضح کیا گیا کہ 12 مئی کو ڈی جی ایم اوز کے بیچ مذاکرات میں کیے گئے فیصلوں کے مطابق جنگ بندی کے لیے کوئی آخری تاریخ طے نہیں کی گئی۔ یہ وضاحت کچھ میڈیا ہاؤسز کی رپورٹ کے بعد سامنے آئی ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی 18 مئی کو ختم ہو رہی ہے۔
اس سے قبل 12 مئی کو ہندوستان اور پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (DGMOs) نے اہم بات چیت کی اور اس عزم کو جاری رکھنے سے متعلق تبادلہ خیال کیا کہ دونوں فریق ایک بھی گولی نہیں چلائیں گے۔ نیز، ہم کوئی جارحانہ کارروائی شروع نہیں کریں گے۔
دونوں فریقین کے درمیان ہونے والی بات چیت کے دوران اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں فریق سرحدوں اور آگے کے علاقوں میں فوجیوں کی تعداد کو فوری طور پر کم کرنے پر غور کریں گے۔
واضح رہے کہ سات مئی کو شروع ہوئی لڑائی کے چار دنوں تک جاری رہی اور بالآخر امریکہ سمیت مختلف ممالک کی کوششوں کے نتیجے میں بعد 10 مئی کی شام کو جنگ بندی کا اعلان کیا گیا۔ بھارت کا موقف ہے کہ یہ جنگ بندی پاکستان کے ڈی جی ایم او کی طرف سے اپنے بھارتی ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھئی کو کال کرنے کے بعد ہوئی۔ اتوار (11 مئی) کو ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل گھائی نے کہا کہ ان کے پاکستانی ہم منصب نے ہفتے کے روز بات چیت کے دوران تجویز پیش کی تھی کہ "ہمیں دشمنی ختم کرنی چاہیے”۔
ہندوستان نے سات مئی کو آپریشن سندور شروع کیا اور جموں و کشمیر کے پہلگام میں گزشتہ ماہ ہونے والے مہلک دہشت گردانہ حملے کے جواب میں پاکستان اور پی او کے میں دہشت گردوں کے نو ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔