
ایران کی جنگ: میزائلوں کا ملبہ گرنے سے تین پاکستانی شہریوں کی ہلاکت
جنگ شروع ہونے کے بعد سے ایرانی سرحد کے ساتھ واقع ساحلی بستیوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی جاتی رہی ہیں، لیکن خوش قسمتی سے اب تک کوئی بھی چیز پاکستانی حدود کے اندر نہیں گری
جرمن ایجنسی ڈی پی اے
پاکستانی حکام نے اتوار آٹھ مارچ کو بتایا کہ ایران کی جاری جنگ کے دوران فضائی دفاعی نظام کے ذریعے فضا میں تباہ کیے گئے میزائلوں کا ملبہ گرنے کے مختلف واقعات میں کم از کم تین پاکستانی جاں سے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، دو پاکستانی شہری دبئی میں میزائل کا ملبہ گرنے سے ہلاک ہوئے۔ پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ان ہلاکتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور اپنے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں حکام کو میتوں کی وطن واپسی کے عمل کو آسان بنانے اور ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تیسرا شخص ایرانی سمندری حدود میں اس وقت ہلاک ہوا جب وہ جنوب مغربی صوبہ بلوچستان سے تقریباً 30 کلومیٹر دور ایک کشتی پر سفر کر رہا تھا۔ پاک ایران بحری سرحدی پٹی پر واقع یہ علاقہ اکثر ایرانی ایندھن کی ترسیل کے لیے چھوٹی کشتیوں کے استعمال میں رہتا ہے۔
مقامی پولیس افسر زاہد حسین نے خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا کہ وہ شخص ایک چھوٹی کشتی پر سوار تھا جب قریب ہی ایک میزائل کے ٹکڑے گرے جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔
زاہد حسین نے مزید کہا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ وہ کس قسم کا میزائل یا شے تھی جس کا ملبہ گرا، تاہم بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ ایک اسرائیلی ڈرون تھا جسے ایرانی فضائی دفاعی نظام نے مار گرایا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے ایرانی سرحد کے ساتھ واقع ساحلی بستیوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی جاتی رہی ہیں، لیکن خوش قسمتی سے اب تک کوئی بھی چیز پاکستانی حدود کے اندر نہیں گری۔



