
By VOG Urdu News Team
Published : April 21, 2026 at 14:00 AM IST
واشنگٹن: امریکہ کی معروف تعلیمی درسگاہ جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں چوتھی سالانہ پاک امریکہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا جغرافیہ ہی نہیں بلکہ اس کا حال اور مستقبل بھی مشرق وسطیٰ سے جڑا ہوا ہے۔
سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں پاکستان کی جغرافیائی، سیاسی اور اقتصادی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک نے علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے قیام میں ہمیشہ مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی نتیجہ خیز کردار ادا کرتا رہے گا۔
کانفرنس میں معروف امریکی تھنک ٹینکس کے اراکین، سابق سفرا اور ماہرین نے بھی شرکت کی اور پاکستان کو درپیش مختلف چیلنجز، معاشی ترقی کے سفر اور عالمی سطح پر اس کے مستقبل کے کردار پر تفصیلی اظہار خیال کیا۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ جغرافیائی اعتبار سے پاکستان کا محل وقوع غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے اور گزشتہ آٹھ دہائیوں سے ملک علاقائی و عالمی سطح پر بلاواسطہ اور بالواسطہ اہم کردار ادا کرتا آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرقی و مغربی سرحدوں سے درپیش خطرات اور نامساعد حالات کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ امن و استحکام کے لیے کامیاب کردار ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی اور عالمی امن کے قیام میں پاکستان کی خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں اور امن کی کوششوں میں پاکستان نے ہمیشہ صف اول کا کردار ادا کیا ہے۔ امریکہ ایران تنازعے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مثبت سفارتی کاوشوں اور سہولت کاری کو اس کی کامیاب سفارتی تاریخ کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔
سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ موجودہ تنازعے میں متعلقہ فریقین اور خطے کے دیگر ممالک کی جانب سے پاکستان پر اعتماد کا اظہار باعث فخر ہے، اور پاکستان اپنا کردار نیک نیتی، ذمہ داری اور خلوص کے ساتھ ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی اب جیوپولیٹکس سے بڑھ کر جیو اکنامکس پر مرکوز ہے اور پاکستان چین، وسطی ایشیا اور خلیجی ریاستوں کے درمیان ایک اہم معاشی راہداری فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ آبنائے ہرمز کی بندش کے تناظر میں بھی پاکستان کی جغرافیائی اہمیت مزید نمایاں ہو کر سامنے آئی ہے۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ مخصوص جغرافیائی حالات اور تاریخی واقعات نے جہاں پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے، وہیں درپیش مسائل نے معاشی ترقی کو متاثر بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کی قدیم تہذیبوں میں شمار ہوتا ہے اور وہ علاقائی و عالمی امن اور معاشی استحکام میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے بانی پاکستان محمد علی جناح کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظم نے پاکستان کو دنیا کا مرکز بننے کی پیش گوئی کی تھی جو آج بھی اتنی ہی اہم اور مستند ہے اور یہی وژن پاکستان کی منزل ہے۔
آخر میں سفیر پاکستان نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر منتظمین، جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کی قیادت خصوصاً رائے حسن مسعود کھرل اور انٹرنیشنل اکیڈمی آف لیٹرز کے صدر غضنفر ہاشمی کو خراج تحسین پیش کیا۔



