نیوز ڈیسک
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے معرکۂ حق کے دوران بھارتی بلااشتعال جارحیت پر واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے قومی عزم کی بھرپور ترجمانی کی۔
معرکۂ حق میں پاکستان نے مؤثر اسٹریٹیجک کمیونیکیشن کے ذریعے یہ واضح کیا کہ قومی عزم صرف دعویٰ نہیں بلکہ پاکستان نے جو کہا وہ کر کے بھی دکھایا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے پوری قوم کے غیر متزلزل عزم اور قومی مؤقف کو مؤثر، واضح اور دوٹوک انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا۔بھارت کے بزدلانہ حملے سے لے کر معرکۂ حق کی کامیابی تک پاک فوج کے ترجمان نے اقوامِ عالم کو لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہ رکھا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے 6 اور 7 مئی 2025 کی درمیانی شب بھارتی بلااشتعال جارحیت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بزدل دشمن بھارت نے اپنی حدود سے پاکستان میں شرمناک حملہ کیا، جس کا بروقت، مؤثر اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بزدلانہ حملے کا ایسا سخت جواب دیا جائے گا کہ بھارت کی عارضی خوشی ہمیشہ کے لیے غم میں بدل جائے گی۔ ان کے مطابق بھارت نے بلاجواز اور بلااشتعال حملے میں پاکستان کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے وقت، اپنی جگہ اور اپنی مرضی کے مطابق بھارتی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے فوج کا سامنا کرنے کے بجائے رات کی تاریکی میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا۔انہوں نے واضح کیا کہ معصوم شہریوں کے ناحق خون کے آخری قطرے تک کا حساب لیا جائے گا اور پاکستان ہر قیمت پر اپنی سلامتی اور سرحدوں کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ “جب پاکستان حملہ کرے گا تو بھارتی میڈیا کو بتانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، پوری دنیا خود دیکھے گی۔”انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم بھارت کی طاقت، جارحیت اور مکاری سے ڈرنے والی قوم نہیں اور دشمن کو بھرپور جواب کا انتظار کرنا چاہیے۔بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کے ترجمان کے تاریخی الفاظ پاکستانی قوم کی جرات، یکجہتی اور قومی عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔



