پاکستان پریس ریلیزاہم خبریں

صدر ورلڈ بینک اجے پال سنگھ بنگا کا گردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال کا دورہ

پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، سکھ مقدس مقامات کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے: مقررین

سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ

صدر ورلڈ بینک اجے پال سنگھ بنگا نے گردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مذہبی رسومات ادا کیں اور گردوارہ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر محمد اورنگزیب، صوبائی وزیر و پردھان پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

گردوارہ سری پنجہ صاحب پہنچنے پر ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق اور ایڈمنسٹریٹر راولپنڈی نے معزز مہمان اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ صدر ورلڈ بینک نے گردوارہ صاحب میں خصوصی عبادات ادا کیں اور بعد ازاں لنگر خانے میں لنگر تناول کیا۔

اجے پال سنگھ بنگا نے گردوارہ سری پنجہ صاحب کی خوبصورتی، صفائی اور تاریخی حیثیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ نے سکھوں کی اس مقدس عبادت گاہ کو اس کی اصل حالت میں نہایت خوبصورتی اور احترام کے ساتھ بحال رکھا ہے، جو قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان میں مذہبی مقامات کو جس توجہ اور احترام کے ساتھ محفوظ بنایا جا رہا ہے، وہ بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ صدر ورلڈ بینک کی گردوارہ سری پنجہ صاحب آمد سے دنیا بھر میں ایک مثبت اور حوصلہ افزا پیغام جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے پیروکاروں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور اقلیتوں کے مقدس مقامات کی حفاظت اور دیکھ بھال حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے بہترین سہولیات اور انتظامات فراہم کرتا ہے تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتری پاکستان سے محبت، امن اور رواداری کا پیغام لے کر واپس جاتے ہیں، جو دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

ناصر مشتاق نے مزید کہا کہ وفاقی وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی اور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر زمان کے احکامات کی روشنی میں تاریخی مذہبی عبادت گاہوں کی تزئین و آرائش اور بحالی کا کام تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ پاکستان میں موجود گردواروں، مندروں اور دیگر مذہبی مقامات کی بحالی، تزئین و آرائش اور بہتر انتظام و انصرام پر خطیر فنڈز خرچ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ سکھ مذہب کا آغاز اسی سرزمین سے ہوا، اور ہماری دلی خواہش ہے کہ دنیا بھر سے سکھ یاتری زیادہ سے زیادہ پاکستان آئیں، اپنی مقدس عبادت گاہوں کی زیارت کریں اور اپنی آنکھوں سے دیکھیں کہ کس طرح ان تاریخی مقامات کو محفوظ، خوبصورت اور اصل حالت میں برقرار رکھا گیا ہے۔

آخر میں انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایسے دورے بین المذاہب ہم آہنگی، عالمی امن اور پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button