وزیراعلیٰ پنجاب کاآزادی صحافت کے جہدوجہد کرنے والے صحافیوں کو خراجِ تحسین
صحافی پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں باوقار، محفوظ اور سازگار ماحول کے حقدار ہیں اور ان کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں
سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یومِ آزادیٔ صحافت کے موقع پر صحافت کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والے صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ آزادیٔ صحافت پر وہ دنیا بھر میں براڈکاسٹنگ اور صحافت سے وابستہ تمام افراد کو سلام پیش کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ذمہ داری کے ساتھ آزادیٔ صحافت جمہوری معاشرے کی بنیاد اور پہچان ہے، جبکہ آزاد، خودمختار اور ذمہ دار میڈیا ہی حقیقی صحافتی طاقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادیٔ صحافت کے لیے صحافیوں کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں اور جمہوریت اور آزادیٔ صحافت ایک دوسرے سے براہِ راست منسلک ہیں۔ ان کے مطابق جب صحافت آزاد اور ذمہ دار ہو تو جمہوریت مضبوط ہوتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ صحافی برادری کے لیے “اپنے گھر” کا خواب پورا کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور جمہوریت کی سربلندی کے سفر میں اہلِ صحافت کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزادیٔ صحافت کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا اور پروپیگنڈا، فیک نیوز اور افواہ نما خبروں کی نشر و اشاعت کے سدباب کا عہد کرنا ہوگا۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ صحافی پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں باوقار، محفوظ اور سازگار ماحول کے حقدار ہیں اور ان کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے برق رفتار دور میں بھی مسابقت سچ کی قیمت پر نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی یومِ آزادیٔ صحافت پر سچ کو ذمہ داری کے ساتھ پیش کرنے کے عزم کی تجدید ضروری ہے۔



