معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ، راجن پور میں افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کیلئے شاندار تقریبات اور ریلیاں
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں قومی جذبے سے بھرپور پروگرامز، شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت

راجن پور میں معرکۂ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کی تاریخی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے شاندار تقریبات، ریلیوں، سیمینارز، ثقافتی پروگرامز اور گرینڈ میوزیکل شو کا انعقاد کیا گیا۔ ان تقریبات میں شہریوں، طلباء، اساتذہ، سول سوسائٹی، میڈیا نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو شاندار انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
ڈی سی سی اجلاس میں تقریبات کو حتمی شکل دے دی گئی
اس سلسلے میں چیئرمین ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر حفیظ الرحمن خان دریشک کی زیر صدارت معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راجن پور عمران حسین رانجھا، ڈی پی او محمد عمران، پارلیمنٹرین سردار شمشیر خان مزاری، سردار خضر حیات خان مزاری، سردار عبدالعزیز خان دریشک جبکہ صوبائی وزیر معدنیات سردار شیر علی خان گورچانی، سردار شیر افگن خان گورچانی، سردار عمار احمد خان لغاری اور دیگر ضلعی افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع بھر میں منعقد ہونے والی تقریبات، ریلیوں اور تعلیمی اداروں میں پروگرامز کے انعقاد کو حتمی شکل دی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معرکۂ حق کی تاریخی کامیابی کو قومی جذبے اور بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا۔
تعلیمی اداروں میں خصوصی تقریبات
ڈپٹی کمشنر عمران حسین رانجھا اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر ضلع بھر میں شاندار تقریبات منعقد کی گئیں جبکہ سکولوں اور کالجوں میں بھی خصوصی پروگرامز، ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلو پیش کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو افواجِ پاکستان کی قربانیوں اور حب الوطنی کے جذبے سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ قومی یکجہتی اور دفاعِ وطن کے جذبے کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
شہید جوان محمد یعقوب کے اہل خانہ سے ملاقات
ڈپٹی کمشنر عمران حسین رانجھا اور ایم این اے ڈاکٹر حفیظ الرحمن خان دریشک نے پاک آرمی کے شہید جوان محمد یعقوب کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہید کے والد احمد بخش اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اور شہید کی وطن کیلئے قربانی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ڈپٹی کمشنر عمران حسین رانجھا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کے تحفظ اور سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور پوری قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی خدمات کو سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید محمد یعقوب نے مادر وطن کے دفاع کیلئے عظیم قربانی دے کر بلند مرتبہ حاصل کیا اور ان کی شہادت پوری قوم کیلئے باعثِ فخر ہے۔
“شہداء ہمارے اصل ہیرو ہیں” — ڈاکٹر حفیظ الرحمن دریشک
ایم این اے ڈاکٹر حفیظ الرحمن خان دریشک نے کہا کہ شہداء ہمارے اصل ہیرو ہیں جن کی قربانیوں کی بدولت ملک میں امن و استحکام قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے شہید محمد یعقوب کے کمسن بیٹے سے شفقت کا اظہار کرتے ہوئے اسے تحائف بھی دیے، جس سے جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔
روجھان میں “پاک فوج زندہ باد” ریلی
روجھان میں معرکۂ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کی تاریخی کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر Ashraf Saleh نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔
بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر اشرف صالح کی قیادت میں پاک فوج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئے عظیم الشان “پاک فوج زندہ باد” ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے اور “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگاتے رہے۔
ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام شاندار سیمینار
ضلعی انتظامیہ راجن پور کی جانب سے معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک شاندار سیمینار کا انعقاد بھی کیا گیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عمران حسین رانجھا، ڈی پی او محمد عمران، ممبران پنجاب اسمبلی سردار عبدالعزیز خان دریشک، سردار خضر حیات خان مزاری، سی ای او تعلیم راشد نظر شیروانی اور دیگر مقررین نے کہا کہ معرکۂ حق کی تاریخی فتح نے ملک و قوم کو عالمی سطح پر نئی شناخت اور عزت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت کے عزم، قومی اتحاد اور حب الوطنی کے جذبے نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔ سیمینار میں دانش سکول فضلپور کے طلباء نے ملی جذبے سے بھرپور ٹیبلو پیش کیا جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔
مرکزی ریلی میں ہزاروں شہریوں کی شرکت
معرکۂ حق اور بنیان المرصوص کے حوالے سے ضلع بھر میں ریلیوں اور تقریبات کا سلسلہ جوش و خروش سے جاری رہا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مرکزی ریلی ختم نبوت چوک سے ہسپتال چوک تک نکالی گئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر عمران حسین رانجھا اور ڈی پی او محمد عمران نے کی۔
ریلی میں ممبران صوبائی اسمبلی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی افسران، ممبران امن کمیٹی، اساتذہ، طلباء، میڈیا نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستانی پرچم اور معرکۂ حق سے متعلق بینرز اٹھا رکھے تھے جبکہ “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” کے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔
ریلی کے اختتام پر قاری محمود قاسم نے ملکی سلامتی، ترقی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کرائی۔
راجن پور میں گرینڈ میوزیکل شو، ہزاروں افراد کی شرکت
معرکۂ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کی تاریخی کامیابی کی خوشی میں ضلعی انتظامیہ راجن پور کے زیر اہتمام کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک شاندار اور پروقار گرینڈ میوزیکل شو بھی منعقد کیا گیا۔ تقریب میں ایم پی اے سردار عبدالعزیز خان دریشک مہمانِ خصوصی تھے جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ظہور حسین اور حافظ عمران نصیر، اسسٹنٹ کمشنر روجھان محمد اشرف صالح اور اسسٹنٹ کمشنر جامپور عدنان ثاقب نے بھی خصوصی شرکت کی۔
تقریب کے دوران پولیس اور بی ایم پی کے جوانوں نے سخت سکیورٹی انتظامات سنبھالے ہوئے تھے جبکہ بی ایم پی کمانڈنٹ ماصر شہزاد ڈوگر اور اسسٹنٹ کمشنر رانا محمد احمدنے انتظامات کی نگرانی کی۔
معروف گلوکاروں کی پرفارمنس، شرکاء کا بھرپور جوش
میوزیکل شو میں پاکستان کے معروف گلوکار ذیشان روکھڑی، معروف گلوکارہ گلاب اور وسیب کے مشہور گلوکار سراج بھٹہ نے لائیو پرفارمنس پیش کی۔ ان کے مقبول ملی اور ثقافتی گیتوں پر حاضرین جھوم اٹھے جبکہ نوجوان ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے اور جھومر ڈالتے رہے۔
اس موقع پر قومی جذبے، افواجِ پاکستان کی قربانیوں، معرکۂ حق کی تاریخی کامیابی اور شہدائے پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
شاندار آتش بازی اور قومی عزم کا اعادہ
تقریب کے اختتام پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جس نے آسمان کو رنگوں سے روشن کر دیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی قوم بنیانِ مرصوص بن کر وطنِ عزیز کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہے اور دشمن کی ہر سازش کو متحد ہو کر ناکام بنایا جائے گا۔
شرکاء نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان قربانیوں، غیرت اور وفاداری کی سرزمین ہے اور وطنِ عزیز ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ انشاء اللہ۔



