پاکستان پریس ریلیزاہم خبریں

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے نیدرلینڈ کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ کی ملاقات

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے پنجاب میں کم عمری کی شادی کے خلاف مؤثر قانون سازی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات بچوں کے محفوظ، باوقار اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں

سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے نیدرلینڈ کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ (Robert-Jan Siegert) نے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور نیدرلینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ، پارلیمانی تعاون کے استحکام، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، تحقیق اور کھیلوں سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران پارلیمانی سفارت کاری کو مؤثر بنانے اور دونوں ممالک کی قانون ساز اسمبلیوں کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید وسعت دینے پر مکمل اتفاق کیا گیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈ کے درمیان تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور تعاون کی مضبوط اور دیرپا بنیادوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی روابط کا فروغ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ سپیکر نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے نہ صرف باہمی تفہیم میں اضافہ ہوگا بلکہ ادارہ جاتی سطح پر تعاون کو بھی نئی سمت ملے گی۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے مزید کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سے دونوں ممالک کے عوام کے لیے خوشحالی اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں، جبکہ تعلیم، تحقیق اور نوجوانوں کے تبادلوں کے پروگرامز دوطرفہ تعلقات کو دیرپا بنیادوں پر مضبوط بناتے ہیں۔ سپیکر نے اس امر پر زور دیا کہ جمہوری اداروں کے درمیان تجربات کا تبادلہ گورننس کے نظام کی بہتری اور ادارہ جاتی مضبوطی کے لیے ناگزیر ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے پنجاب میں کم عمری کی شادی کے خلاف مؤثر قانون سازی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات بچوں کے محفوظ، باوقار اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ نیدرلینڈ کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ نے پاکستان اور نیدرلینڈ کے درمیان تعاون کے فروغ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے پارلیمانی سطح پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب، ایڈوائزر برائے سپیکر اسامہ خاور، پرنسپل سیکرٹری عماد حسین بھلی، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے اقلیتی امور فیلبوس کرسٹوفر، ملک تیمور احمد خان اور ڈائریکٹر میڈیا راؤ ماجد علی بھی موجود تھے۔ بعد ازاں سپیکر پنجاب اسمبلی نے معزز مہمان کو پنجاب اسمبلی کے ایوان کا تفصیلی دورہ کروایا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button