
پاکستان بھر کے مندروں میں ہندو برادری نے جنم اشٹمی (شری کرشن بھگوان کے جنم دن) کی تقریبات جوش و جذبے سے منائیں
امر ناتھ رندھاوا نے کہا کہ کرشنا مندر میں منعقدہ یہ تقریب پاکستان کے امن، مذہبی رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور اقلیت دوست تشخص کی عکاسی کرتی ہے اور عالمی سطح پر یہ مثبت پیغام دیتی ہے
سید عاطف ندیم-ادارت
متروکہ وقف املاک بورڈ (Evacuee Trust Property Board) کے زیر انتظام لاہور کے راوی روڈ پر واقع تاریخی کرشنا مندر میں ہندو برادری کے تہوار جنم اشٹمی کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا ۔ تقریب میں ہندو برادری نے کرشن بھگوان کی پوجا اور روایتی رسومات ادا کیں۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام۔شوالہ تیجا مندر سیالکوٹ، کالی باڑی مندر پشاور، تھون داس مندر دادو اور بابا بھگت رام مندر دادو میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر سیکیورٹی کے باالخصوص انتظامات کیے گئے ۔
سیکرٹری بورڈ ناصر مشتاق نے پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والی ہندو برادری کو کرشنا جنم اشٹمی کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوے کہاہے کہ جنم اشٹمی کے موقع پر ملک بھر میں آزادانہ مذہبی رسومات کی ادائیگی اور سرکاری سطح پر تقریبات واضح طور پر ظاہر کرتی ہیں کہ پاکستان میں اقلیتوں کو اپنے مذہبی عقائد کے مطابق عبادت اور رسومات ادا کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہےاور انکی عبادت گاہیں محفوظ اور اصل حالت میں موجود ہیں ۔
تقریب میں شریک ہندو مندر مینجمنٹ کمیٹی کے ممبر امر ناتھ رندھاوا نے کہا کہ کرشنا مندر میں منعقدہ یہ تقریب پاکستان کے امن، مذہبی رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور اقلیت دوست تشخص کی عکاسی کرتی ہے اور عالمی سطح پر یہ مثبت پیغام دیتی ہے کہ یہاں مختلف مذاہب کے لوگ اپنے تہوار آزادی اور تحفظ کے ساتھ مناتے ہیں۔تقریب میں موجود ہندو برادری کے افراد نے پاکستان میں امن، سلامتی، خوشحالی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے خصوصی پوجا اور دعائیں کیں۔تقریب میں،ڈپٹی سیکرٹری جنرل شرائنز علی اصغر، ہندو مندر میجنمٹ کمیٹی کے ممبر امر ناتھ رندھاوا، پجاری کاشی رام سمیت ہندو برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔



